مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز نے رپورٹ دی ہے کہ امریکہ کے قائم مقام اٹارنی جنرل ٹاڈ بلانچ گزشتہ کئی ماہ سے واشنگٹن ڈی سی کے علاقے میں ایک فوجی تنصیب میں مقیم ہیں۔ تین باخبر ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ وہ ٹرمپ انتظامیہ کے ان اعلیٰ عہدیداروں میں شامل ہوگئے ہیں جو فوجی رہائش گاہوں میں قیام پذیر ہیں۔
رپورٹ کے مطابق فوجی تنصیبات میں رہائش اختیار کرنے والے دیگر اعلیٰ امریکی حکام میں وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ بھی شامل ہیں، جو ایران سے متعلق سامنے آنے والے دعوؤں کے بعد حال ہی میں ایک فوجی اڈے پر منتقل ہوگئے ہیں۔
فاکس نیوز کی رپورٹ میں منشیات کے کارٹلز سے متعلق مبینہ دھمکیوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
فاکس نیوز نے نیویارک ٹائمز کی مارچ میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے حوالے سے مزید لکھا ہے کہ امریکہ کی سابق وزیر انصاف پام بونڈی بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے منشیات کے کارٹلز سے متعلق خطرات کے انتباہ کے بعد خاموشی سے واشنگٹن میں اپنے اپارٹمنٹ سے ایک فوجی رہائش گاہ منتقل ہوگئی تھیں۔ نیویارک ٹائمز نے جیفری ایپسٹین کے مقدمات سے نمٹنے کے بونڈی کے طریقۂ کار پر سامنے آنے والے ردعمل سے متعلق دھمکیوں کا بھی ذکر کیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ بھی واشنگٹن ڈی سی کے علاقے فورٹ میک نیئر میں مقیم ہیں۔ اسٹیفن ملر، جو وائٹ ہاؤس کے چیف آف اسٹاف ہیں، اور امریکی حکومت کے متعدد دیگر عہدیدار بھی فوجی تنصیبات یا حکومت کی محفوظ رہائش گاہوں میں منتقل ہوچکے ہیں۔
آپ کا تبصرہ